ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیرلا میں حالات دھماکہ خیز،33ہلاک راجناتھ سنگھ کاہنگامی دورہ،100 کروڑ روپئے کی مددکا مرکز کا اعلان

کیرلا میں حالات دھماکہ خیز،33ہلاک راجناتھ سنگھ کاہنگامی دورہ،100 کروڑ روپئے کی مددکا مرکز کا اعلان

Mon, 13 Aug 2018 11:14:52    S.O. News Service

تراوننت پورم،13؍اگست(ایس او نیوز؍ایجنسی)کیرلا میں گذشتہ چند روز سے ہورہی بارش اور تودے گرنے سے دن بدن حالات خطرناک ہوتے جارہے ہیں ۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راحت کاری جاری ہے۔ اس کے باوجود لوگوں میں خوف وہراس بہت زیادہ ہے اس درمیان حالات کو دھماکہ خیز دیکھتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے کیرلا کے سیلاب زدہ علاقوں کا ہوائی جائزہ لیا ۔راجناتھ نے مانا کہ کیرلا میں حالات دھماکہ خیز ہیں ۔انہوں نے مرکز کی طرف سے فوری طورپر 100 کروڑ روپئے کی مدد کا بھی اعلان کیا ۔

انہوں نے یہ بھی کہاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راحت رسانی میں کسی طرح کی کوئی کمی نہ آئے اس وجہ سے ریاستی سرکار کی ہر مدد کے لئے مرکز تیار ہے ۔کیرلا میں بھاری بارش، سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے بعد ہنگامی پیمانے پر امدادی کام جاری ہے، فوج اور بحریہ کی ٹیمیں بڑے سطح پر راحت اور بچاؤ کے کام میں لگی ہوئی ہیں، کیرلا کے وزیر اعلیٰ پنرائی وجین نے بتایا کہ اب تک 33 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، وہیں 6 لوگ ابھی بھی لاپتہ ہیں، جن تلاش کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ریاست میں اس طرح کی شدید تباہی آج تک نہیں دیکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں پوری ریاست ایک ساتھ ہے اور جو بھی ضروری ہوگا اس کے لئے ہر طرح کے اقدام اٹھائے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’ریاست کی پولیس، این ڈی آر ایف اور فوج کی ٹیمیں امدادی کام میں لگی ہوئی ہیں، وزیر اعظم نے بھی فون کیا تھا، انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت ہو گی تو اور بھی مدد دی جائے گی‘‘۔وہیں اڈوکی ڈیم میں اتوار کو آبی سطح میں کمی آئی ہے، ڈیم کی آبی سطح اب 2,399.28 فٹ ہے۔ اگرچہ اینارکلم اور ترشور اضلاع کے کئی حصے اب بھی ڈوبے ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، ہفتہ کی صبح 24 گھنٹے کی مدت میں اِڈوکی ضلع میں 90 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ڈیم کی آبی سطح ابھی2400فٹ کے نشان سے نیچے ہے لیکن ضلع انتظامیہ نے کہا کہ ڈیم کے پانچ دروازوں کو بند کرنے کا فیصلہ بارش کے نہ ہونے پر انحصار کرے گا۔فی الحال ڈیم کے تمام پانچوں دروازے کھلے ہیں اور ایک سیکنڈ میں 7.50 ملین لیٹر پانی پیریار ندی میں جا رہا ہے، جو تِرشور اور ایرناکلم اضلاع کے حصوں کو چھوتی ہے، سیلاب آنے کے نتیجے میں 10000سے زیادہ لوگوں کو ان کے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔وہیں ایرناکلم اور تِرشور کے حکام نے اتوار کو کہا کہ ابھی صورتحال کنٹرول میں ہے اور دریا کے پانی کی سطح کم ہوئی ہے، کچھ لوگ اگر اپنے گھر واپس آنا چاہیں تو آسکتے ہیں، ایرناکلم کے ایک امدادی کیمپ میں ایک سرکاری اہلکار نے بتایا ’’خاندانوں کی واپسی سے قبل محکمہ صحت کے حکام اور مختلف رضاکار ان گھروں میں جائیں گے اور وہاں کی صفائی وغیرہ کریں گے‘‘۔


Share: